بھٹکل:28/فروری (ایس او نیوز) بھٹکل بلدیہ کی دکانوں پر پہلے سے موجود کرایہ داروں کے مسائل کو حل کرنےکے سلسلے میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے بھٹکل بلدیہ میں منگل کو منعقدہ میٹنگ میں پرانے کرائے داروں کونہ نکالنے کی قرار داد منظور کی گئی ہے۔
اس سے قبل میٹنگ میں کرائے کی دکانوں کو لے کر کافی بحث ہوئی، کونسلروں نے بتایا کہ کاروار سے تشریف فرما اعلیٰ آفسر کی موجودگی میں بولی لگائے جانے کا جو عمل ہوا، اس کی وڈیو اگر دیکھی جائے توایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی ناٹک کیا جارہا ہو۔ چھوٹی چھوٹی دکانیں جس کا کرایہ ہزار اور ڈیڑھ ہزار روپیہ ہونا چاہئے، کچھ لوگوں نے بولی کو ایک لاکھ تک لے گئے ۔ کافی بات چیت کے بعد بالاخر فیصلہ کیا گیا کہ پرانے کرایہ داروں کو ہی بحال رکھا جائے اور ڈپٹی کمشنر کو مکمل تفصیلات سے باخبر کیا جائے۔
میٹنگ میں موجود رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے دکانداروں کے مسئلہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں جو غلطی ہوئی ہے اس کو سدھارنے کامسئلہ ہمیں درپیش ہے ، فوری طورپر دکانداروں کو نکال باہر کریں گے تو دکانداروں کے لئے مشکلات کھڑی ہوجائیں گی ، عدالت اور ڈی سی کے حکم نامہ پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ دکانداروں کی زندگی کے متعلق بھی ہمیں غور کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پھرایک مرتبہ غریب دکانداروں کا مسئلہ لے کرضلع ڈپٹی کمشنر کے پاس جائیں گے اور امید بھی ہے کہ وہ عوامی مسائل کو دیکھتے ہوئے ہماری سنیں گے۔ کچھ دکاندار عدالت کے ذریعے اپنی جدوجہد کررہے ہیں، ہماری نیک تمنا ہے کہ انہیں انصاف ملے۔ جس کی بلدیہ کے تمام ممبروں نے متحدہ طورپر حمایت کا اعلان کرتے ہوئے منظوری دی ۔
بلدیہ میٹنگ کےدوران 20سے زائد ڈیلی ویجس کے بلدیہ مزدور میٹنگ ہال میں پہنچ کر مطالبہ کیا کہ ہم پچھلے 2دہوں سے بھی زائد مدت سے یہاں بلدیہ مزدور کے طورپر کام کررہے ہیں، لیکن بلدیہ کے کسی بھی دستاویزات میں ہمارا نام نہیں ہے، ہمیں اب بھی کانٹراکٹ مزدور کے طورپر ہی کام دیا جارہاہے، مزدوروں نے بتایا کہ آپ چاہیں تو ہماری پیٹھ پر ماریں، لیکن ہمارے پیٹ پر نہ ماریں۔
یہاں رکن اسمبلی منکال وئیدیا نےبلدیہ آفسران سے سوال کیا کہ عدالتی حکم کی بات کرنے والے بلدیہ افسران اس سلسلے میں خاموش کیوں ہیں۔ مزدورں سے متوجہ ہوتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آپ کےپاس جو بھی عدالتی حکم نامہ ہے وہ لے کر میرے پاس آؤ، آپ کی ساتھ ہورہی ناانصافیوں کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ بلدیہ صدر محمد صادق مٹا نے میٹنگ کی صدارت کی۔ نائب صدر کے ایم اشفاق ، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن محمد قیصر محتشم ، چیف آفیسر رمیش سمیت تقریبا تمام کونسلرس موجود تھے۔